اسلام آباد :احتساب عدالت نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو اکتیس مارچ کو طلب کرلیا، مراد علی شاہ کو نوری آباد پلانٹ کے غیرقانونی ٹھیکوں اورمنی لانڈرنگ ریفرنس میں طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طلب کر لیا، نوری آبادپلانٹ کےغیرقانونی ٹھیکوں اورمنی لانڈرنگ ریفرنس میں طلب کیا گیا ہے۔
احتساب عدالت نے مرادعلی شاہ کو31 مارچ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام شریک ملزمان بھی طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس پر نیب نے احتساب عدالت کے اعتراضات دور کردیے، مراد علی شاہ کیخلاف نیب راولپنڈی نے66 والیوم پرمشتمل ریکارڈ عدالت میں جمع کرایا۔
مراد علی شاہ کیخلاف گواہان کے بیانات اور شواہد بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں ، مراد علی شاہ ، خورشید انور جمالی سمیت 17 ملزمان ریفرنس میں نامزد ہیں۔
یاد رہے رواں سال جنوری میں نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیا تھا ، نیب ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف توانائی منصوبوں پر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں توانائی منصوبوں میں خلاف ضابطہ فنڈز جاری کئےگئے، نوری آباد پاور کمپنی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی میں اربوں کی ہیرپھیر کی گئی ہے۔