لاہور: پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں جعلی سیمنٹ فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے سندر تھانے میں جعلی سیمنٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس میں ایک کاروباری شخص کو جعلی سیمنٹ فروخت کر کے فراڈ کا شکار بنایا گیا۔
تھانے میں دی گئی درخواست کے مطابق سندر کے علاقے میں بزنس مین الیاس مجید نے 400 سیمنٹ کی بوریوں کا ٹرک منگوایا تھا، جب انھوں نے کوالٹی کنٹرول انجینئر کے ذریعے اسے چیک کرایا تو سیمنٹ جعلی نکلا۔
الیاس مجید کے مطابق سیمنٹ لانے والوں نے پہلے تو اس جعل سازی سے انکار کیا اور بعد میں سیمنٹ ٹرالی چھوڑ کر بھاگ گئے، جس پر انھوں نے تھانہ سندر میں جعلی سیمنٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمے کی درخواست جمع کرا دی۔
بزنس مین الیاس مجید کا کہنا ہے کہ جعلی سیمنٹ فروخت کرنے والوں کی جانب سے انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔