لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں لاکھوں مالیت کی جعلی کریمیں اور جعلی ایلوپیتھک ادویات کا کیمیکل برآمد ہوا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ٹیم کے ہمراہ لالہ زار کالونی میں چھاپا مار کر ایک فیکٹری سے 80 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کریمیں اور بڑی مقدار میں کیمیکل برآمد کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعلی کریمیں آن لائن فروخت کی جاتی تھیں، جب کہ برآمد کیمیکل جعلی ایلوپیتھک ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتا تھا، فیکٹری مالک عامر محمود نے بغیر لائسنس پروڈکٹس کی تیاری کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ فیکٹری میں مختلف برانڈز کی پروڈکٹس غیر قانونی طور پر تیار کی جا رہی تھیں، جن کمپنیوں کی پروڈکٹس تیار کی جا رہی تھیں ان سے تصدیق کے لیے رابطہ کیا جائے گا، فیکٹری میں موجود پروڈکٹس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ رپورٹ آنے پر کارروائی کی جائے گی۔
انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ مستند برانڈز اور مستند ڈاکٹر کی تجویز کردہ پروڈکٹس استعمال کریں۔