لاہور: موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب جعلی ڈرائیونگ لائسنس کا خاتمہ ممکن ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کو پرکھنے کا ایک نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، اس سلسلے میں موٹر وے پولیس اور پنجاب آئی ٹی بورڈ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کا خاتمہ ممکن ہوگا، نئے نظام کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پوائنٹ سسٹم کا نفاذ ممکن ہو جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے پولیس اور پنجاب آئی ٹی بورڈ نے مشترکہ طور ڈیٹا سرور کے ساتھ ساتھ ویب پورٹل بھی تیار کر لیا ہے، جس کی مدد سے ڈرائیونگ لائسنس ڈیٹا کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ ممکن ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے بننے سے سیاحت کو ترقی ملے گی، باہر سے ڈالرآئیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے پروٹوکولز میں کمی کے اعلان کے بعد جولائی میں موٹروے پولیس کی جانب سے بھی اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اب موٹر وے پولیس کسی بھی شخصیت کو پروٹوکول نہیں دے گی۔