منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

فیصل آباد مبینہ پولیس مقابلہ : دونوں دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد : مبینہ پولیس مقابلے میں دو دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی، گولی ارسلان کے جسم کو چیرتی ہوئی عثمان کو جا لگی، پولیس کے مطابق مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

والدہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا فوجی بن کرشہید ہونا چاہتا تھا، ظالموں نے مار دیا، پولیس پانچوں نامزد پیٹی بھائی تاحال گرفتارنہ کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل فیصل آباد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو دوستوں ارسلان اور عثمان کو ایک ہی گولی نے موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ارسلان اور عثمان کو بہت قریب سے گولی ماری گئی، ایک ہی گولی دونوں کی موت کی وجہ بنی۔ گولی موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے ارسلان کاجسم چیرتی عثمان کو لگی ارسلان موقع پر دم توڑ گیا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان کی موت زیادہ خون بہنے سے ہوئی،بروقت طبی امداد مل جاتی تو جان بچ سکتی تھی۔

فیصل آباد میں جعلی مقابلے میں جاں بحق ارسلان کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والد لیاقت کا کہنا ہے کہ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ مبینہ مقابلے میں پولیس کی گولی کا شکار بننے والے ارسلان کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرا فوجی بننا چاہتا تھا، بیٹے کو بے گناہ مارا گیا قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔

پولیس مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا،  آر پی او

دوسری جانب آر پی او غلام محمودڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا، اطلاعات ہیں کہ دونوں نوجوانوں نے تین فائرکیے، آرپی او کے مطابق انکوائری رپورٹ آنے پر ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدمے میں نامزد پولیس اہلکار معطل ہیں، ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، انکوائری رپورٹ کے مطابق متاثرین کو انصاف فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں : فیصل آباد ، پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

یاد رہے کہ فیصل آباد میں گزشتہ روز پولیس کی فائرنگ سے دو طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس ٹیم نے میٹرک کے طالب علموں کو ڈاکو قرار دیا جس کے خلاف ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے اکبر آباد چوک بلاک کردیا تھا۔ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تھانے پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

دوسری جانب پولیس کی مدعیت میں مقتولین کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان نے روکنے پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں