کراچی : مہران ٹاؤن میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں واصف نامی شہری کے جاں بحق ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن جاں بحق نوجوان واصف کے گھر پہنچ گئے، ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر اور ایس ایس پی کورنگی شاہ جہاں بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر افسران نے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر متاثرہ خاندان کی جانب سےایڈیشنل آئی کراچی کو تفصیلات بتائی گئیں۔
مقتول کے لواحقین نے بتایا کہ ہمارے بھائی کو قتل کیا گیا، لاش کو گھسیٹ کر موبائل میں ڈالا گیا، ہمارا مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ایس ایچ او کو صرف معطل نہیں بلکہ ملازمت سے فارغ کیا جائے۔
اہلخانہ نے بتایا کہ ہمارے لوگ وہاں چیختے رہے کہ یہ ہمارا بھائی یا بھانجا ہے، پولیس کی جانب سے ہم سے بہت برا سلوک کیا گیا، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے مقتول کے اہل خانہ سے کہا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی، جو تفتیشی افسر آپ مقرر کرنا چاہیں ہمیں بتائیں، جس رینک کا افسر آپ کہیں گے اس کو تفتیش کے لئے مقرر کردیں گے۔