کراچی : پائلٹس کے مشتبہ جعلی لائسنس اسکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے کارروائیاں تیز کردیں، برطانیہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل رؤف شیخ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کپتان فہد سلطان برطانوی پاسپورٹ پر غیرملکی ائیر لائن کے ذریعے برطانیہ جانا چاہتا تھا۔
ملزم فہد سلطان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، فہد سلطان پر مقدمہ نمبر 07/21 کے درج ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق کپتان نے جعلی لائسنس بنا رکھا تھا اور وہ کہیں بھی فلائنگ نہیں کرتا تھا۔ سول ایوی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری کی مدعیت میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا جس کے تحت گزشتہ دنوں ایک پائلٹ اور 5سی اے اے کے افسران کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لائسنس تحقیقات میں دو اہم سی اے اے کے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تحقیقات میں پائلٹس سمیت سی اے اے کے مزید ملزمان کا نیٹ ورک بھی سامنے آیا ہے اس کے علاوہ سی اے اے کے افسران کا فرنٹ مین کے ذریعے مبینہ طور پر پائلٹس سے رقم لینے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے لائسنس برانچ کے حکام پائلٹس کو پاس کرنے کے لیے فی پرچے کے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیا کرتے تھے
پائلٹس کی جگہ کسی اور کو بٹھا کر امتحان پاس کروا کر سی اے اے کے ملوث افسران مبینہ طور پر کمیشن لینے کا بھی الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتار سی اے اے کے لائسنس برانچ کے افسران اور پائلٹس کا ریمانڈ بھی حاصل کیا ہوا ہے مزید تفتیش کی جارہی ہے، تحقیقات کا دائرہ مزید پھیلا دیا گیا ہے اور مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔