فیصل آباد : ایف آئی اے نے جعلی وفاقی وزیر بن کر فراڈ کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا، ملزم سلامت علی چوہان نے وزیراعظم اورجج سمیت تمام وفاقی اورصوبائی اداروں کو جعلی وفاقی وزیر بن کر چکمہ دیا اور بے شمار فوائد حاصل کیے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چند روز قبل لاہور سے ایک ملزم سلامت علی چوہان کو گرفتار کیا ہے جو گزشتہ چھ سال سے خود کو وفاقی وزیر ظاہر کرکے سرکاری اداروں سے مختلف مراعات حاصل کر رہا تھا، ملزم کیخلاف کارروائی ایک شہری کی درخواست پر کی گئی۔
ملزم سلامت علی سے جعلی لیٹر پیڈ، مہریں، جعلی تقرر نامے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے کی تفتیش کے دوران جعلی وفاقی وزیر سلامت علی نے اہم انکشافات کیے ہیں، ملزم نے وزیر اعظم سمیت صوبائی حکومتوں سے سیکیورٹی اور دفاتر بھی لے لیے، کسی ادارے نے بھی جعلی وزیر کےخطوط کی تصدیق نہ کی۔
پی ٹی سی ایل نے جعلی وزیر کے خط پر سرکاری فون کا کنکشن بھی دے ڈالا، اس کے علاوہ ڈٰ ی سی او لاہور نے ملزم کو گاڑی اورسیکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کیلئے پولیس کو حکم بھی دے دیا۔
جعلی وزیر نے وزیر اعظم نوازشریف کو ملاقات کا وقت دینے کا خط بھی لکھا تھا، جعلی وزیر سلامت علی چوہان نے وزارت خزانہ کو سرکاری ملازمین کی اپنے ادارے سے رجسٹریشن کیلئے خط لکھا۔
ملزم سلامت علی نے بیت المال کو سرکاری فنڈ اپنے ادارے میں منتقل کرنے کیلئے خط لکھے، جعلی وزیر نے بلاسود قرضے دلانے کا جھانسہ دے کرسینکڑوں لوگوں سے لاکھوں روپے بھی بٹورے۔