کراچی: اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں جعلی اسٹڈی ویزے دینے والے اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کینٹ اسٹیشن کراچی کے قریب ایک کارروائی میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے حسنین نور نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جو ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے جرم میں ملوث تھا۔
- Advertisement -
ملزم 2021 سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کو مطلوب تھا، اس نے متعدد شہریوں کو قبرص کے جعلی اسٹڈی ویزے دیے، اور بیرون ملک یونیورسٹیوں کے جعلی لیٹرز بنانے میں بھی ملوث رہا، ملزم نے متاثرین سے 19 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
حسنین نور کے دیے جعلی ویزوں کی بنیاد پر 3 شہریوں کو 2021 میں فلائٹ سے آف لوڈ کیا گیا تھا، تب سے اس کی گرفتاری کے لیے متعدد چھاپے مارے گئے۔ ایف آئی اے نے ملزم سے تفتیش شروع کر دی ہے۔