کراچی: ایف آئی اے امیگریشن اینڈ اینٹی ہیومن اسمگلنگ نے رواں برس 7 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان 7 ماہ کے دوران امیگریشن کی جانب سے جعلی ویزوں کے 27 کیسز کا سراغ لگایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امیگریشن اہلکاروں نے 27 جعلی پاسپورٹس کے حامل افراد کی بیرون ملک روانگی کو ناکام بنایا، بیرون ملک سے آنے والے 86 مسافروں کو مختلف وجوہ پر پاکستان میں داخلے سے روکا گیا۔
مختلف جرائم اور جعلی دستایزات کے الزام میں بیرون ملک سے ڈی پورٹ 9907 افراد سے متعلق تحقیقات کی گئیں، اور بیرون ملک سے آنے والے 351 مسافروں کو پاکستان میں داخلے کے لینڈنگ پرمٹ جاری کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ سفری دستاویزات اور بغیر ویزا مسافروں کو لانے والی ایئرلائنز پر 1 کروڑ 35 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا گیا، ایف آئی اے امیگریشن سی پورٹ پر 2 تجارتی جہازوں پر بھی 15 لاکھ کا جرمانہ کیا گیا۔
جرمانہ جہاز پر موجود افراد کو عملے کا رکن بنا کر لانے کے باعث لگایا گیا، جب کہ 2023 میں ایسے کیسز میں 16 جہازوں پر ڈھائی کروڑ کا جرمانہ کیا گیا۔