لاہور: قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فخر زمان نے کہا کہ کوشش ہوگی ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھاؤں، دبئی ہمارے لیے ہوم گراؤنڈ ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے فٹنس بہتر بنانے کے لیے ایک جیسا پلان بنایا ہے، کیمپ میں بیٹنگ کے ساتھ بولنگ کی بھی پریکٹس کررہا ہوں، بولنگ میں موقع ملا تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے لمبی اننگز کھیلوں، بھارت کے خلاف میچ میں دباؤ ہوگا تاہم اس دن بہتر کھیلنے والی ٹیم ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
فخر زمان نے کہا کہ اوپنر امام الحق کے ساتھ میری بہت اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے جو بھارت کے خلاف میچ میں بھی کام آئے گی جبکہ ویرات کوہلی کا بھارتی ٹیم میں نہ ہونا زیادہ نقصان دہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 15 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا، قومی ٹیم پہلا میچ کوالیفائر کے خلاف 16 ستمبر کو کھیلے گی، 19 ستمبر کو پاکستان روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان، حفیظ اور عماد وسیم ڈراپ
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔
سولہ رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخر زمان، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔