لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ اوپنر فخر زمان دورہ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ اوپنر فخر زمان تیز بخار کے باعث دورہ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہوگئے، انہیں ٹیم ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، انہیں آج تیز بخار کی علامات ظاہر ہوئیں۔
ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ فخر زمان کی کورونا رپورٹ ہفتے کے روز موصول ہوئی تھی جو منفی آئی تھی لیکن آج انہیں بخار کی علامات ظاہر ہوئیں، بخار کے باعث انہیں باقی کھلاڑیوں سے الگ کرکے قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
Fakhar Zaman ruled out of New Zealand tourhttps://t.co/v1Stw0niWG pic.twitter.com/1OXyAUPvHe
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 22, 2020
انہوں نے کہا کہ ہم مستقل طور پر فخر زمان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے پرامید ہیں۔
ڈاکٹر سہیل کا کہنا ہے کہ فخر زمان بخار کے باعث اسکواڈ کے ساتھ سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں، وہ ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ نہیں جاسکیں گے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کل صبح 3 بجے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی، نیوزی لینڈ پہنچ کر ٹیم ولنگٹن میں 14 روزہ قرنطینہ مکمل کرےگی۔
پاکستانی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، جب کہ پہلا ٹی ٹوینٹی 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔