ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری کے بالی ووڈ اور بھارت چھوڑنے سے متعلق خبریں گردش کررہی تھیں کہ اداکارہ نے خاموشی توڑتے ہوئے ان تمام خبروں کی تردید کردی۔
دلکش اداکارہ نرگس فخری کی جانب سے انسٹاگرام جاری کئے گئے بیان سے تمام افواہیں دم توڑ گئیں اور ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں امریکا میں اپنا پراجیکٹ مکمل کررہی ہوں اور کچھ ہی ہفتوں میں اپنی فلم ’بنجو‘ کی تشہیر کے لیے واپس آؤں گی، میرا بالی ووڈ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں اور یہ تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری کچھ روز قبل ہندوستان سے امریکا روانہ ہوئیں، ان کے جانے کے بعد افواہیں گردش کرنے لگیں کہ بالی ووڈ کے کامیاب پروڈیوسر اور ہدایت کار ادتیہ چوپڑا کے چھوٹے بھائی ادے چوپڑا سے ان کا بریک اپ ہوجانے کی وجہ سے اداکارہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہیں اور انہوں نے بالی ووڈ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ان افواہوں کا آغاز نرگس فخری کی فلم ’ہاؤس فل 3‘ کی پروموشن کے دوران ہوا، جب نرگس نے فلم کی تشہیر میں حصہ نہیں لیا اور اس کی وجہ اپنی خراب صحت بتائی۔