لاڑکانہ: میڈیکل کالج کی طالبہ نمرتا کی لاش کی کیمیائی رپورٹ سامنے آ گئی ہے، لاش سے حاصل نمونوں میں زہریلی دوا کے شواہد نہیں ملے، نمرتا کی ہسٹرو پیتھالوجی رپورٹ چند روز میں آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق نمرتا کے ورثا نے آج ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سے ملاقات کی، انھوں نے اندراج مقدمہ سے انکار کر دیا، ڈی آئی جی نے ورثا کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرانے کی تصدیق کر دی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ نمرتا کی روم میٹس، سائیڈ روم میٹ کے ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیے گئے، روم میٹس شمونا اور گیتا، نمرتا کے گلے سے دوپٹہ کھولنے والی سخی اپنے پہلے بیان پر قائم ہیں۔
شمونا اور گیتا نے پولیس کو بیان دیا کہ دروازہ بند ہونے پر چوکیدار کی مدد سے تڑوایا، سخی نے کہا میں نے گلے سے بندھا ٹائٹ دوپٹہ کھولا اور اسپتال لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈینٹل کالج کی طالبہ نمرتا کی لاش، 2 سہیلیوں کے بیانات سامنے آگئے
ادھر ایس ایس پی مسعود بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ نمرتا معاملے کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں، اگر یہ قتل ہے تو کن عوامل کی وجہ سے ہوا، کس نے کیا اور کیسے کیا، اگر کوئی اور معاملہ ہے تو اس کے محرکات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا 2 سے 3 دن میں موبائل، لیپ ٹاپ فرانزک رپورٹ آ جائے گی، دوپٹے کو فرانزک کے لیے نیشنل لیبارٹری بھیجا گیا ہے، رپورٹ کا انتظار ہے، جیو فرانزک رپورٹ مکمل کر لی گئی، ہاسٹل سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔
انھوں نے کہا ورثا کی کیس میں دل چسپی نہیں اس کے باوجود تفتیش جاری ہے، نمرتا کیس میں 100 فی صد سے بھی زائد میرٹ ہوگا، جس کردار نے اس میں کوئی زیادتی کی ہوگی بچ نہیں پائے گا۔