کراچی: عدالت نے معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتےہوئے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوڈیشل کمپلکس سینٹرل جیل میں معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن سے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔
ایس آئی یو پولیس نے ملزم ساحر حسن کو عدالت میں پیش کیا ، ایس آئی یو نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کی استدعا کی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے ، ریمانڈ میں توسیع کی جائے، وکیل صفائی کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔
عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ساحر حسن کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مقدمے کا چالان طلب کرلیا۔
گذشتہ روز ملزم ساحر نے دوران تفتیش بڑے بزنس مین، سیاستدانوں اور دیگر کے نام بتائے تھے ، ملزم کا کہنا تھا کہ منشیات کی آن لائن رقم والد ساجد کے منیجر کے اکاؤنٹ میں منگواتا تھا، پانچ سال سے ماڈلنگ اور تیرہ سال سے ویڈ کا نشہ کر رہا ہوں۔
ملزم نے بتایا تھا کہ وہ دو سال سے ویڈ فروخت کر رہا تھا، بازل اور یحیی سے منشیات لے کر فروخت کرتا تھا کوریئر کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں کی منشیات منگوائی، ہر ہفتے چار سے پانچ لاکھ روپے ادا کرتا تھا۔