الیکٹرک کار بنانے والی معروف کمپنی ٹیسلا نے پونے تین لاکھ فروخت شدہ گاڑیاں واپس منگوانے کا فیصلہ کرلیا کیوں کہ گاڑی کے ڈرائیونگ سافٹ ویئر میں فنی خرابی کے باعث حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے معروف الیکٹرک کارساز ادارے ٹیسلا کےلیے بڑے دھچکے کا باعث ہے کہ دو لاکھ 85 ہزار سے زائد گاڑیاں چین سے واپس منگوائے اور پھر ان کا سافٹ ویئر مفت میں اپڈیٹ کرے۔
ٹیسلا کی جانب سے گاڑیاں واپس منگوانے کا فیصلہ ڈرائیورنگ سافٹ ویئر میں خرابی کے باعث کیا گیا۔
چین کے اسکروٹنی کے نگراں ادارے کا کہنا ہے کہ کروز کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث ڈرائیور معمولی غلطی سے اسے ایکٹویٹ کر سکتا ہے۔
چینی ادارے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’کروز کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث ڈرائیور معمولی غلطی سے اسے ایکٹویٹ کر سکتا ہے، سے گاڑی کی رفتار یکدم بڑھ جائے گی، جو تصادم کا باعث بن سکتی ہے اور تحفظ کے لحاظ سے خطرناک ہے۔
گاڑیاں بنانے والی کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق کروز کنٹرول فنکشن گاڑی کی سپیڈ کو اردگرد کی ٹریفک کی مناسبت سے کنٹرول کرتا ہے اور یہ ٹیسلا کا کلیدی آٹو پائلٹ ڈرائیونگ فنکشن ہے۔
ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز یہ خبر سامنے آنے کے بعد ٹیسلا کے شیئر میں آٹھ فیصد گراوٹ دیکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کار ساز کمپنی چین میں بہت مقبول ہے اور اپنی ہر چار گاڑیوں میں ایک چینی مارکیٹ میں فروخت کرتی ہے۔