لاہور : پاکستان فلم انڈسٹری کے صف اول کے معروف ہدایتکار پرویز رانا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، ان کی عمر پینسٹھ سال تھی۔
فلم انڈسٹری کی معروف مصنفہ رخسانہ نور کے انتقال کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری کو ایک اور بڑا دھچکہ لگا، جب منگل اور بدھ کی درمیان شب پنجابی فلموں کے معروف ہدایتکار پرویز رانا لاہور کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چار سال سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، پرویز رانا کو گذشتہ رات اچانک دل کا دورہ پڑا، انہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ وہ سکے۔
پرویز رانا کی نماز جنازہ آج دوپہر دو بجے بحریہ ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔
پرویز رانا نے انیس سو چھہتر میں "چراغ بہادر” نامی پنجابی فلم میں ہدایتکاری کر کے پاکستانی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور اس کے بعد کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، پرویز رانا نے چھیالیس پنجابی اور چھ اردو فلمیں ڈائریکٹ کیں جبکہ انیس سو ستانوے میں "مافیا” نامی اردو فلم بطور پروڈیوسرپیش کی۔
پرویز رانا کی مشہور فلموں میں ، سہاگن، نصیبو، طوفان، کالا شاہ پوریا، شگناں دی مہندی، غنڈا ٹیکس ، شرابی، ناگن، وحشی گجر اور گاڈ فادر شامل ہیں۔
پرویز رانا نے پاکستان فلم انڈسٹری کے تقریبا تمام ہیروز اور ہیروئن کے ساتھ کامیاب فلمیں بنائیں اور کئی نئے چہروں کو بھی متعارف کروایا۔