کراچی: پاکستان کے مشہور اداکار اور ہدایت کار عدنان صدیقی نے خلافت عثمانیہ کے بانی اور نامور مجاہد ارطغرل غازی کے مزار پر حاضری دی اور ویڈیو بھی بنائی۔
تفصیلات کے مطابق ارطغرل غازی خلافت عثمانیہ کے بانیان میں شامل تھے جنہوں نے اپنے والد سلیمان شاہ کے انتقال کے بعد قائی قبیلے کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمے داریاں بنھائیں اور عظیم سلطنت کے قیام کے لیے جانی اور مالی قربانیاں دیں۔ ارطغرل غازی کی جدوجہد پر مبنی شہرہ آفاق ڈرامہ سیریز دیریلیش اطغرل دنیا بھر میں مقبول ہے۔
عدنان صدیقی نے ترکی کے شہر استنبول میں ارطغرل غازی کے مزار پر حاضری دی اور اپنے مداحوں کے لیے ویڈیو بھی بنائی جس میں انہوں نے مقبرے کی تاریخ سے صارفین کو روشناس کرایا۔
اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لکھا کہ پاکستان میں ارطغرل غازی کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں، اور اسی ڈرامے کی ہی بات چیت ہوتی ہے، میں ارطغرل کے مزار پر موجود ہوں جو سوغوت میں واقع ہے۔
ترک ڈرامے “ارطغرل غازی” کا سپاہی روشان پاکستان پہنچ گیا
انہوں نے بتایا کہ ارطغرل غازی قائی قبیلے کے سردار تھے جنہوں نے اسلام کی خاطر بہت سی قربانیاں دیں، مسلمانوں اور غیرمسلموں کے لیے ایک جیسی محفوظ اور خوشحال ریاست کی خواہش کی، مزار آنے سے قبل میں سوچ رہا تھا کوئی بہت بڑا مقبرہ ہوگا لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ چھوٹا سا مزار ارطغرل غازی کی عظمت کو بیان کرتا ہے۔