پنک بال ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کےساتھ مداحوں نے ناروا سلوک کیا، کئی پلیئرز کو کافی برے رویے کا سامنا کرنا پڑا۔
پریکٹس سیشن کے دوران بھارتی اسٹار کھلاڑیوں سمیت کئی پلیئرز کو مداحوں کے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا، ایڈیلیڈ میں کپتان روہت شرما اور اسٹار کھلاڑی ویرات کوہلی اور رشبھ پنت سمیت بھارتی کرکٹرز کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جس کے بعد بی سی سی آئی کو سخت ایکشن لینے پر مجبور ہونا پڑا۔
ایڈیلیڈ میں بھارت کے نیٹ پریکٹس سیشن میں کافی افراتفری ہوئی، جس کے بعد بھارتی بورڈ نے بارڈر- گواسکر ٹرافی کے بقیہ پریکٹس سیشنز کو منسوخ کردیا۔
کپتان روہت شرما ویرات کوہلی اور رشبھ پنت منگل کو پریکٹس سیشن کے دوران کافی زچ ہوئے ، تقریباً 3000 کے قریب شائقین نیٹ کے ارد گرد جمع ہوگئے تھے۔
اس دوران ہجوم نے بہت شور مچایا اور بھارتی کرکٹرز کی پریکٹس مشکل کردی، ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹرز ہجوم کی طرف سے ہونے والی جملے بازی سے پریشان تھے اور سیلفیز کی متعدد درخواستوں نے ان کے لے اور بھی مشکل کھڑی کی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے بتایا کہ بھارتی کرکٹرز پر نازیبا تبصرے کیے گئے، بی سی سی آئی کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ نیٹ سیشن مکمل افراتفری کا شکار تھا۔
نیٹ سیشن دیکھنے والے ایک مداح نے مسلسل ایک بھارتی کھلاڑی کو گجراتی میں ’ہائے‘ کہنے کے لیے مجبور کیا جبکہ لوگوں کی جانب سے ایک اور بھارتی کرکٹر کی جسمانی ساخت کا مذاق اڑایا گیا، خیال رہے کہ ایڈیلیڈ ڈے نائٹ ٹیسٹ 6 دسمبر سے شروع ہو گا۔