شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فرح ناز نے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ فرح نادر نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی اور نجی زندگی اور اپنی بیماری سے متعلق اظہار خیال کیا۔
فرح نادر نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ بیمار ہوگئی تھیں صحت سے متعلق متعدد ٹیسٹ کروانے پر ان میں گردوں کے تیسرے درجے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، کینسر کے تیسرے درجے تک پہنچ جانے کے سبب ان کا غدود 5 سینٹی میٹر تک بڑھ چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد انہوں نے اپنے بڑے بھائی کے ساتھ مل کر اپنی والدہ کو کینسر سے متعلق بتایا اور پھر تین دن کے اندر اندر ان کا آپریشن ہو گیا تھا۔
اداکارہ کی بیٹی نے بتایا کہ والدہ کی اوپن سرجری کی گئی تھی اور اس دوران گردے سے غدود نکالے جانے کے علاوہ پھیپھڑوں کے قریب اور جسم کے دیگر حصوں میں بھی پائے جانے والے چھوٹے غدود کو بھی نکالا گیا تھا، یہ آپریشن تقریباً 10 گھنٹے کا تھا۔
اداکارہ فرح نادر نے مزید بتایا کہ آپریشن کے کچھ عرصے بعد ان کی کیموتھراپی کی گئی، کیموتھراپی کے لیے اُنہوں نے اپنے بال چھوٹے کروائے تھے اور اُنہیں آپریشن سے زیادہ کیموتھراپی نے تکلیف دی۔