اتوار, اپریل 13, 2025
اشتہار

کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا لیں، ایک دل چھو لینے والی سچی کہانی

اشتہار

حیرت انگیز

اورنگ آباد: بھارت میں ایک غریب کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا کر قربانی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

بھارتی شہر اورنگ آباد کے گاؤں وانگی سے تعلق رکھنے والے کسان گوکل داس کوٹولے نے مرنے کے بعد ایک یا دو نہیں بلکہ سات لوگوں کی زندگیاں بچا لی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کسان گوکل داس کوٹولے کو جب ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اورنگ آباد کے اسپتال گلیکسی لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں برین ڈیڈ قرار دے دیا۔

دماغی موت کی خبر ملتے ہی پورے خاندان میں سوگ کی لہر دوڑ گئی، تاہم بعد ازاں بڑی ہمت کے ساتھ ان کے گھر والوں نے فیصلہ کیا کہ گوکل داس کے اعضا عطیہ کیے جائیں، اس طرح ان کے گردے، پھیپھڑے، جگر، دل اور آنکھیں عطیہ کی گئیں، اور مرنے کے بعد بھی گوکل داس کئی لوگوں کے کام آ گئے۔

اس خبر کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ گوکل داس کے جسم سے اعضا نکالنے کے بعد انھیں کم سے کم وقت میں ٹرانسپلانٹیشن کے لیے دوسرے اسپتال پہنچانا ضروری تھا، جس کے لیے محکمہ پولیس نے راتوں رات شہر کی اہم سڑکوں پر ’’گرین کوریڈور‘‘ بنا دیا، اور ایمبولینس کے لیے راستہ صاف کرنے کے لیے ایئرپورٹ روڈ اور نجی اسپتال روڈ پر ٹریفک کو عارضی طور پر مکمل روک دیا گیا۔

گرین کوریڈور کو یقینی بنانے کے لیے ایک ڈپٹی کمشنر آف پولیس، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، 6 انسپکٹرز، 15 پولیس سب انسپکٹرز سمیت کل 120 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، گوکل داس کے دل کو ممبئی کے ریلائنس اسپتال بھیجا گیا، جب کہ جگر کو پیوند کاری کے لیے گلینیگلس اسپتال لے جایا گیا۔

گوکل داس کے پھیپھڑوں کو جہاز کے ذریعے احمد آباد، گجرات کے کیڈیا اسپتال بھیجا گیا، عطیہ کیے گئے گردے گلیکسی اسپتال میں ہی رکھے گئے۔

ٹریفک حادثہ کیسے ہوا؟


کچھ عرصے سے گوکل داس کا بیٹا ان سے سائیکل خریدنے کے لیے اصرار کر رہا تھا، لیکن مالی مجبوریوں کی وجہ سے وہ اسے ٹال رہے تھے، آخر کار بدھ کو انھوں نے بیٹے کو نئی سائیکل دلانے کا فیصلہ کیا اور شہر چلے گئے، خریدنے کے بعد انھوں نے سائیکل اپنی موٹر سائیکل سے باندھی اور گاؤں کی طرف واپس آنے لگے، لیکن بدقسمتی سے گاؤں سے صرف 4 کلومیٹر پہلے ان کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں