جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

نیب شریف خاندان کے مقدمات ختم کرنا چاہتی ہے، فروغ نسیم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ نیب جے آئی ٹی ارکان کو طلب کرکے بیانات اور مواد میں تضاد تلاش کرکے شریف خاندان کے کیسز ختم کرنا چاہتی ہے، اسی لیے سپریم کورٹ نے مانیٹرنگ جج تعینات کیا، سپریم کورٹ کو چاہیے نیب کا چیئرمین خود تعینات کرے، مزید کارروائی اسٹے آرڈر پر روکی جاتی ہے محض نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے پر نہیں۔

یہ باتیں انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹر میں گفت گو کرتے ہوئے کہی۔

نظر ثانی کی اپیل کا مطلب یہ نہیں کہ مزید کارروائی نہ ہو

انہوں نے کہا کہ نظر ثانی کی اپیل یا کسی بھی اپیل میں قانون کے تحت جب تک عدالت حکم امتناع نہیں دے اس وقت تک جو عدالتی فیصلہ ہوتا ہے وہ نافذ العمل ہوتا ہے،اس لیے یہ کہنا کہ ہم نے نظر ثانی کی اپیل دائر کردی ہے اس وقت تک مزید کوئی کارروائی نہ ہونا قانوناً غلط بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ فوری سماعت کی درخواست دیں اور اگلے ہی روز سماعت میں اپیل دائر کریں اگر اسٹے آرڈر ملتا ہے تو ٹھیک ہے بصورت دیگر فیصلے پر عمل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ نیب والے جیل چلے جائیں گے غلط ہے، اگر نیب حکام سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق عمل نہ کریں تب تو ان پر توہین عدالت کا مقدمہ اور دیگر معاملات ہیں لیکن اگر وہ احکامات کے مطابق کام کررہے ہیں تو وہ جیل نہیں جائیں گے سرخ رو ہوں گے۔

ویڈیو دیکھیں:

انہوں نے کہا کہ عدالت کا جو بھی حکم ہے چاہے وہ صحیح ہو یا غلط سب کو اس پر عمل درآمد کرنا ہے، اس حکم پر عمل درآمد نہیں ہورہا یا کوئی بھی تعاون نہیں کررہا تو یہ غلط ہے۔

شریف خاندان کو نیب ریفرنسز میں ضمانت کی ضرورت پڑے گی

انہوں نے بتایا کہ شریف خاندان کو ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی ضرورت پڑے گی، نیب میں ضمانت کی اپیلی کیشن دائر کرنے کا قانون یہ ہے کہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے ضمانت حاصل کی جاتی ہے اور ضمانت اسے ملتی ہے جو تفتیش میں تعاون کررہا ہو۔

ملتان بار کے صدر کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں

اینکر پرسن سمیع ابراہیم کے ایک سوال پر فروغ نسیم نے کہا کہ ملتان بار کے صدر کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں، وکلا پر کینن واٹر اور پلاسٹک کی گولیوں سے دھاوا بول دیا گیا، میڈیا کو یہ غلط بتایا جارہا کہ ملتان بار کا صدر ن لیگ کا ہے اور وہ ن لیگ کی طرح بدمعاشی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج حق ہے، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ وکلا پر گولیاں چلائے، وکلا کی ہڑتال اس بات پر ہے۔

ویڈیو دیکھیں:

نیب سارے کیسز ختم کردینا چاہتی ہے

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے اپنا کام کرکے دکھایا اب نیب کی باری ہے لیکن میں یہ بات ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ نیب چاہتی ہے کہ کسی طرح ان سارے معاملات کو ختم کردیا جائے، نیب جے آئی ٹی کو طلب کرکے ان سے سوال در سوال کرنا چاہ رہی ہے اور اس نے عدالت میں اسی لیے درخواست بھی دی ہے۔

ویڈیو دیکھیں:

نیب جے آئی ٹی کی تفتیش میں تضاد نکالنا چاہتی ہے

انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی کی ساری تفتیش موجود ہے جسے نیب کو آگے لے جانا چاہیے لیکن نیب جے آئی ٹی کے ارکان کو بلا کر سارا تفتیشی مواد سامنے رکھ کر جے آئی ٹی کے ارکان کے بیان اور مواد میں تضاد نکالے اور رپورٹ دے کے بیانات میں تضاد ہے اس لیے یہ تو کیس ہی نہیں بنتا۔

نیب کا چیئرمین سپریم کورٹ خود تعینات کرے

انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ سپریم کورٹ نیب کی جانب سے حکم عدولی کی ان کوششوں کو بھانپ لے گی، سپریم کورٹ سے گزارش کرنا پڑے گی کہ نیب کا چیئرمین سپریم کورٹ خود تعینات کرے، سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کی مانیٹرنگ کے جج کی تعیناتی کے فیصلے میں آج دانش مندی نظر آرہی ہے، وہ جو اس مانیٹرنگ پر تنقید کرتے ہیں وہ غلط ہے۔

بیٹے کی تنخواہ نواز شریف کے اکاؤنٹ میں آئی

بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بیٹے سے تنخواہ وصول کی، تنخواہ نواز شریف کے اکاؤنٹ میں آئی تھی انہوں نے تنخواہ اکاؤنٹ سے نکالی نہیں تھی اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ تنخواہ وصول نہیں کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں