کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے پی آئی بی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کی سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے وزیراعظم، آرمی چیف، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، کورکمانڈر کراچی، صوبائی وزیر داخلہ سمیت تمام متعلقہ حکام کو خطوط لکھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رکن رابطہ کمیٹی اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد حکومتی شخصیات سے ذاتی طور پر ملاقاتیں کرکے انھیں سیکیورٹی خدشات سے بھی آگاہ کیا لیکن حکومت کی جانب سے اس ضمن میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں کی گئی حالانکہ ایم کیو ایم کو طالبان سمیت کئی کالعدم جماعتوں کی جانب سے شدید خطرات لاحق ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہمیں درپیش سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کئے جانے کے بعد بھی سندھ حکومت کی ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کو سیکیورٹی فراہم نہ کیا جانا اور ان گزارشات پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔
رابطہ کمیٹی نے حکومت سے سوال کیا کہ اگر ایم کیو ایم کے سیکیورٹی مرکز پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری کس کے سر ہوگی؟۔ اس لیے ایم کیو ایم ملک مقتدر حلقوں بہ شمول وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور حکومت سندھ سمیت تمام حکومتی و سیکیورٹی حکام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ پی آئی بی میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کو فی الفور معقول سیکیورٹی فراہم کی جائے۔