لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن اور خالد مقبول صدیقی کا نام ایگزکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل )میں شامل کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست بیرسٹر علی گیلانی کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے تینوں رہنما اپنے قائد کے ساتھ پاکستان مخالف تقاریر اور سرگرمیوں میں ملوث ہیں، تینوں رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں ایم کیو ایم کے قائد کےبیان کی توثیق کی جو ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قائد متحدہ سمیت فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن اور خالدمقبول صدیقی سمیت تینوں رہنماؤں کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں مقدمات درج ہوئے اور خدشہ ہے کہ وہ کسی بھی وقت ملک سے فرار ہو سکتے ہیں لہذا تینوں رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کا فیصلہ آنے تک ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔