کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم میں چند لوگوں کی آمریت ہے،وہ اپنے گوشوارے ظاہر کریں،انسداد کرپشن کے نعرے پر وزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں، پیپلزپارٹی، ن لیگ ، ایم کیوایم سمیت جس نے بھی لوٹ مار کی احتساب ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سٹی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان میں موسم تیزی سے بدل رہا ہے، سیاستدان اپنےموسم وضع کرتےہیں کبھی گرمی کبھی سردی۔
فاروق ستار نے اپنے ساتھ سیلفیاں بنوانے والوں کیلئے ریٹ رکھ دیئے اور کہا ایک سیلفی کی قیمت 10درخت لگانا اور ان کی حفاظت کرنا ہے، پاکستان کودرختوں کی اشدضرورت ہے۔
فاروق ستار نے اپنے ساتھ سیلفیاں بنوانے والوں کیلئے ریٹ رکھ دیئے
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ سی پیک میں کراچی کے بڑے پروجیکٹ کو شامل کیا جاسکتا ہے، کے فور جیسے اور بھی کئی منصوبے سی پیک میں شامل ہوسکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان چینی حکام کی توجہ مبذول کراتے تو اچھا ہوتا، عمران خان نے کراچی کو نظر انداز کیا جس پر دکھ ہوا۔
فاروق ستار نے کہا ایم کیوایم میں جمہوریت قائم کرنے کیلئے کارکنان اٹھیں، پارٹی کے سینئررہنما کو شوکاز دیا گیا جس پر کارکنان غمزدہ ہیں، رابطہ کمیٹی کے لوگ کہتے ہیں، پارٹی میں جمہوریت آگئی ہے، پارٹی میں یہ کیسی جمہوریت ہے، جو مجھے عہدے سے ہٹایا گیا۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے لوگ کہتے ہیں پارٹی میں آمریت نہیں، ایم کیوایم میں چند لوگوں کی آمریت ہے،وہ اپنے گوشوارے ظاہر کریں، وہ چند لوگ دبئی سمیت جہاں جائیدادیں ہیں، گوشوارے کارکنان کوبتائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو نظر انداز کیا جس پر دکھ ہوا
انھوں نے کہا لوگوں کومعلوم ہوگیا کہ مجھےراستے سے ہٹانے کا مقصد کچھ اور تھا، میں لوگوں کی انکوائریاں کرارہا تھا، اسی لیے مجھے شوکاز دیا گیا، میں کل بھی پی آئی بی کالونی میں رہتا تھا اور آج بھی وہیں رہتا ہوں، وہ چند لوگ بتا دیں 1986میں کہاں رہتے تھے اور اب کہاں رہتے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا جمہوریت کے نام پر اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا، مجھے ابھی شوکاز موصول نہیں ہوا،ملے گا تو کرارا جواب دوں گا، شہیدوں کے لہو کا سودا کرنے والوں کے پاس کارکنان کا شوکاز جائے گا۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ انسدادکرپشن کےنعرےپروزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑاہوں، پیپلزپارٹی،ن لیگ،ایم کیوایم سمیت جس نےبھی لوٹ مارکی احتساب ہوناچاہیے،پوچھاجائےیہ جائیدادیں اورپراپرٹیزکہاں سےآئیں؟
انسدادکرپشن کےنعرےپروزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑاہوں
سرکاری کوارٹرز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مارٹن کوارٹرز سے متعلق3ماہ کا وقت دیا گیا،خدمات دینے کیلئے تیار ہوں، سرکاری کوارٹرز کے معاملے پر وزیراعظم کو خصوصی توجہ دینی چاہیے، 50 لاکھ گھروں کی اسکیم میں5ہزار گھر شامل کرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔
انٹرپارٹی الیکشن کا مطالبہ ہمارا قانونی حق ہے کوئی نہیں روک سکتا،ناراض رہنماؤں کارکنان کو منانے کے مشن پر کام کررہاہوں، رابطے سب سے ہوتے ہیں، جلد سرپرائز ملیں گے، ایک دوروز میں اندرون سندھ اور کراچی کے دورے شروع کروں گا، او آر سی کراچی تنظیمی کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔