جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

خالد مقبول صدیقی بااختیار نہیں، نمائشی سربراہ ہیں، فاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے آج ڈیڈ لائن دینا مناسب عمل نہیں، وہ بااختیار نہیں نمائشی سربراہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ بہادر آباد والوں کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ کنوینر بااختیار نہیں ہے، پیشکش کھلے دل سے ہوتی ہے کوئی مدت نہیں ہوتی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا ہے کہ میری رابطہ کمیٹی کو بھی احترام ملنا چاہئے، بہادر آباد والے طے کرلیں معاملہ عدالتی فیصلے سے حل کریں گے یا پھر مذاکرات کرکے کوئی درمیانی راستہ نکالیں گے، میرا مشورہ ہے کہ دونوں رابطہ کمیٹیاں تحلیل کریں اور مل کر دوبارہ کام کا آغاز کریں۔

مزید پڑھیں: خالد مقبول کی فاروق ستار کو پرانی ذمے داریاں‌ سنبھالنے کی پیش کش، ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن

انہوں نے کہا کہ آج خالد مقبول صدیقی کے لہجے میں کوئی طنز نہیں تھا، انہوں نے مذاکرات سے متعلق جو بات کی وہ حقائق کے منافی ہے، پریس کانفرنس میں کچھ حقائق مسخ کرکے بتائے گئے، ثالثوں کے فارمولے پر حلفیہ کہتا ہوں خالد مقبول مان گئے تھے، اگلے دن وہ ایک اور ڈپٹی کنوینر لے آئے معاملات میں پھر تعطل آگیا۔

فاروق ستار نے کہا ہے کہ بہادر آباد کی جانب سے کہا گیا ڈیڈ لائن کے بعد فاروق آئے تو کارکن کی حیثیت میں آئیں گے، کارکن بننا تو ہمارے لیے باعث افتخار ہے لیکن کارکن بن کر آئیں گے یہ کہنا بالکل مناسب نہیں ہے اس سے کارکنوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا عوام میں جانے سے پہلے ہم میں سے کوئی گھر بیٹھ جاتا ہے، نومبر میں آفر کی تھی عامر خان پارٹی چلائیں یا میں چلا لیتا ہوں۔

فاروق ستار نے کہا کہ مانتا ہوں مجھ سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں، فیصلوں میں غلطی ہو تو سربراہ کو معافی مانگنی چاہئے، غلطی سنگین ہو تو اسے رابطہ کمیٹی ہٹا سکتی ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں