ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

حماد صدیقی ہمارا کارکن نہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی سب سے صاف ستھری جماعت ہے، فاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا ہے کہ حماد صدیقی کا ہماری جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے انہیں تنظیمی نظم و ضبط کی‌ خلاف ورزی کرنے پر 2013 میں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج 22 اگست 2016 کے کیس میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔

آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیئے

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے گو کہ حماد صدیقی کا ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن الزامات کو عدالت میں ثابت کرنا بھی ضروری ہے۔

قائد سے لاتعلقی کے بعد ہم پر مقدمات بلا جواز ہیں  

فاروق ستار نے اپنے اوپر قائم ہونے والے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ ہمارےخلاف مقدمات 22 اگست کے واقعے پر بنے تھے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ 23 اگست کےاقدام کے بعد ان مقدمات کا کوئی جواز برقرار نہیں رہتا ہے۔

 اسی سے متعلق : بلدیہ فیکٹری کو آگ لگانے والا مبینہ مرکزی ملزم حماد صدیقی کون ہے ؟

ایم کیو پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں ایک جیسا انصاف ہونا چاہیئے جن پر الزامات لگے ہیں وہ ثابت ہونے چاہئیں کیوں کہ اگر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے تو لوگوں کا اعتماد اٹھ جائے گا۔

ایم کیو ایم کے کسی رہنما پر کرپشن کے الزام نہیں

فاروق ستار نے کہا کہ نیب میں کرپشن کے 179 کیسزز ہیں جن میں اربوں کھربوں روپے کے کرپشن ہوئی ہے جس میں ایک بھی مقدمہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی رہنما کے خلاف نہیں ہے کیوں کہ صرف ایم کیو ایم وہ صاف ستھری جماعت ہے جس کا کوئی رہنما کرپشن میں ملوث نہیں۔

ایف آئی اے کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کے خلاف ایف آئی اے مقدمہ بنا رہی ہے اور  ہم اس تمام صورت حال کو اچھی نظر سے نہیں دیکھ  رہے ہیں جب کہ دوسری  طرف سینکڑوں ساتھی جیلوں میں قید ہیں جنہیں جیل مینول کے مطابق قید کارکنوں کوحقوق نہیں دیےجا رہے ہیں۔

اسیر کارکنان پر تشدد کر کے وفاداری تبدیل کرائی جا رہی ہے 

انہوں نے بتایا کہ جیل میں قید ہمارے کارکنوں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پرمجبورکیا جا رہا ہے جس پراحتجاج کا حق محفوظ  رکھتے ہیں اور وزیراعظم اور وزیر داخلہ ہمارے  معاملات کا نوٹس لیں، ہمارے کارکنوں کوجھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔

ایم کیو ایم صاف ستھری جماعت پی ایس پی ڈرائی کلینر ہے 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان سب سے صاف ستھری جماعت ہے جب کہ پی ایس پی میں جرائم پیشہ افراد ڈرائی کلیننگ کے لیے گئے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں