کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اردو بولنے والے بھی سندھ کا اثاثہ ہیں، آصف زرداری نے مہاجروں کے وجود سے ہی انکارکیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مہاجروں کے خلا ف بیان اشتعال انگیزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے مہاجروں کے وجود سے ہی انکارکیا، آصف زرداری کو ایسی گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیے، ذہن نشین کرلیں اردو بولنے والے بھی سندھ کا اثاثہ ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما نے کہا کہ آصف زرداری بھائی سے بھائی کو لڑانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، 2002 سے 2008 اور 2008 سے 2013 کا دورانیہ دیکھ لیں، 2008 کے بعد توکراچی میں اصل خون کی ہولی کھیلی گئی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لیاری گینگ وارکو سرکاری سرپرستی میں قائم کیا گیا، حقیقت سےآگاہ کرنا ہے توعزیربلوچ کی جے آئی ٹی پبلک کریں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما نے کہا کہ جسٹس گلزار نے 3 روز پہلے کہا سندھ پاکستان کا کرپٹ صوبہ ہے، سندھ میں ایک بھی ترقیاتی منصوبے پرکام نہیں ہوا۔