کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں آج کل بہت سے لوگوں کی رال ٹپک رہی ہے، یہ سب جلد مرجھا جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وہ ایم کیو ایم پاکستان کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کر رہے تھے، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی پر سب کی نظریں ہیں لیکن مخالفین کو کہوں گا کہ حسرت ان غنچوں پر جو بِن کھلے مرجھا گئے۔
فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں ایک نئے صوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ ایک حقیقت ہے اس کو کوئی ٹال نہیں سکتا۔
انھوں نے کہا کہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس بننا یہاں کی اہم ضرورت ہے، اس لیے وسائل کی منصفانہ تقسیم ایم کیو ایم کے منشور کا اہم نقطہ ہے۔
شہر کراچی کے بلدیاتی اختیارات سے محرومی پر انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کو اختیارات دلوائیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ سندھ اور پاکستان کےعوام کے مسائل کا حل ایم کیو ایم ہے، پاکستان چلانے کی اہلیت صرف پاکستان بنانے والوں کے پاس ہے۔
کراچی: این اے 245 سے فاروق ستارکے کاغذات نامزدگی مسترد
انھوں نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے اندرونی اختلافات اور ٹوٹ پھوٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے الگ ہونے پر جو لوگ خوش تھے اب ان کا جشن ختم ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی تقسیم کے تاثر کو اب اتحاد سے زائل کرنا ہے، 25 جولائی کو ہر جگہ پتنگ ہی پتنگ ہوگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔