کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میں عامر لیاقت اور تحریک انصاف کے لیے دعا گو ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں کیا، انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم تاریخ کی سب سے بڑی آزمائش سے گزر رہی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کو تقسیم ہونے اور بکھرنے سے بچایا ہے، پُر یقین لہجے میں کہا ’ایم کیو ایم کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہوگا۔‘
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کا کہنا تھا کہ انھوں نے تحریک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، وہ پارٹی کو بکھرنے نہیں دیں گے۔
فاروق ستار نے کہا ابھی فائنل نہیں ہوا ہے کہ میں نے این اے 245 سے الیکشن لڑنا ہے یا نہیں، تاہم میں نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے عامر لیاقت سمیت کسی بھی مخالف کو آسان نہیں لیا۔
کراچی کو جنوبی ایشیا کا پیرس بنائیں گے ، شہباز شریف
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں تمام ڈپٹی کمشنرز پیپلز پارٹی کو سپورٹ کر رہے ہیں، خیال رہے کہ آج گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے بھی اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مقابلہ کسی سے بھی نہیں ہے، ہمارا مقابلہ ایک سوچ کے ساتھ ہے۔ الیونتھ آور میں گفتگو کرنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار عامر لیاقت کے بارے میں کہا کہ وہ عامر لیاقت اور پی ٹی آئی دونوں کے لیے دعا گو ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔