حیدر آباد: پاک سرزمین پارٹی کے رہنماانیس قائم خانی نے کہا ہے کہ فاروق ستار جلد ہمارے ساتھ ہوں گے، وہ حیدرآباد میں جلسہ کرنے کے بجائے شہرکی صفائی ستھرائی کیلئے اقدامات کریں تاکہ شہریوں کوریلیف ملے۔
حیدرآباد کے علاقے پکا قلعہ چوک پر پرچم کشائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیس قائم خانی نے کہا کہ 3 مارچ سے شروع ہونے والی دو لوگوں کی جدوجہد پورے ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں میں پھیل چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی شہری وطن سے نفرت نہیں کرتا تاہم کچھ لوگ پاکستان کی ایسی تصویر پیش کرتے ہیں جس کے بعد وہ الجھن کا شکار ہوجاتا ہے، ایسے تمام لوگوں نے ہمیں امید کی کرن قرار دیتے ہوئے اپنی وطن پرستی کا ثبوت دیا۔
انیس قائم خانی نے ایم کیو ایم پاکستان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد وطن پرستوں کا شہر ہے، ڈاکٹر فاروق ستار اور اُن کی جماعت جلسہ کرنے کے بجائے شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے اقدامات کریں تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انیس قائم خانی نے کہاکہ فاروق ستار جلد ہمارے ساتھ ہوں گے۔
خیال رہے دو روز قبل کراچی یونیورسٹی میں سی پیک کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں دونوں پارٹیوں کے سربراہان مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے مصافحہ کیا تھا۔ بعد ازاں فاروق ستار نے کہا کہ آج یونیورسٹی نے دو نوجوانواں کو پھر سے ملا دیا ہے۔