کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کل پریس کانفرنس میں اہم اعلانات کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق علی رضا عابدی کے سوئم کے بعد فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا کی شہادت پر کہا جارہا ہے آپ تقسیم ہوئے اس لیے ایسا ہورہا ہے، بہت جلد ایک کونسل یا فورم بناؤں گا، جن سے اختلافات ہیں ان سب کو بھی شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
فاروق ستار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ان کی قربانی ہمیں اکٹھا ہونے، پھر سے کھڑا ہونے کا پیغام دیتی ہے، ہم اتنی آسانی سے ان قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، قاتلوں کی گرفتاری، سازش بے نقاب ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے لوگ بھی میرے اپنے تھے، کارکنان کی شہادت پر افسوس ہوا، امید ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کو پکڑ سکیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی بنا رہا ہوں جس کے لیے مشاورت شروع کردی ہے، ہمیں کمزور کیا گیا، مردم شماری میں ہمیں کم دکھایا گیا۔
یہ پڑھیں: ہم سے ہمارا شہزادہ چھین لیا گیا، فاروق ستار
واضح رہے کہ دو روز قبل فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، علی رضا عابدی کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا، وہ پاکستان بنانے والوں کا بیٹا تھا، ہم کب تک لاشیں اُٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کئی دنوں سے بدامنی کی لہر آگئی ہے، سازش کے تحت شہر کا امن خراب کیا جارہا ہے، اس واقعے کے بعد اب کیا پڑھے لکھے لوگ سیاست میں آئیں گے۔