تازہ ترین

‘شہباز شریف کی کارکردگی سے پورا ملک سہم گیا ہے’

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کارکردگی کے نام پر ملک کی معیشت اور اداروں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے، شہباز شریف کی کارکردگی سے پورا ملک سہم گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض میں میزبان عادل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکردگی کے نام پر ملک کی معیشت اور اداروں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے، امپورٹڈ سرکار نے مشکل فیصلے کا کہہ کر پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور شہباز شریف کی کارکردگی سے پورا ملک سہم گیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آتے ہی پاکستان کی معیشت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور عوام پر آسانی اور سہولت کے تمام راستے بند کردیے ہیں، کرائم منسٹر اور کابینہ کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کیا کریں، عوام اس نااہل کرپٹ امپورٹڈ ٹولے کو مسترد کرچکی ہے، امپورٹڈ کابینہ گھبراہٹ میں بار بارعمران خان کا ذکر کرتی رہتی ہے لیکن عمران خان کے نام کی گردان کرنے سے آپ کے جرائم نہیں چھپ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت پر تمام ممالک کو اعتماد تھا اسی لیے سرمایہ کاری آئی لیکن شہباز شریف نے5 سرکاری دورے کیے کسی نے گھاس نہ ڈالی، امپورٹڈ کابینہ آئی ایم ایف کے پاس بھی گئی مگر لفٹ نہ کرائی گئی، امپورٹڈ حکومت کے پاس پاکستان کے نوجوانوں کیلئے کوئی منصوبہ نہیں لیپ ٹاپ سے نوجوانوں کے روزگار کے مسائل حل نہیں ہوسکتے، پاکستانی قوم حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔

سابق مشیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو مثبت سمت کی جانب ڈالا تھا، عمران خان قومی خزانے میں 22 ارب ڈالرچھوڑ کرگئے تھے، امپورٹڈ سرکار نے قلیل عرصے میں خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، انہوں نے آتے ہی صرف 50 دنوں میں ملک کا بیڑا غرق کیا اور عوام کو اندھیروں میں دھکیل دیا، بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام بھی پریشان اور صنعت کا پہیہ بھی رک گیا ہے، پہلے کہتے تھے خزانہ خالی ہے اور اخبارات کو کروڑوں کے اشتہار دیے۔

 

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادار بننے کی کوشش میں ہیں، بطور وزیر اطلاعات ان کا کام صرف جھوٹ بولنا ہے، امپورٹڈ وزیر اطلاعات کے پاس کارکردگی پر کہنے کو کچھ نہیں، ان کومشورہ ہےعوامی مسائل حل کرنے پر غور کریں، مریم اورنگزیب کس حیثیت میں انتخابات پر گفتگو کرتی ہیں؟ انہوں نے کبھی الیکشن لڑا نہ ہی عوام کے ووٹ لیے۔

Comments

- Advertisement -