اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے روز سے وزراء کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے تھے، اسدعمر کی قیادت میں تجارتی خسارے میں بھی کمی ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان روایتی سیاستدان نہیں ہیں، یہ پہلی حکومت ہے جس نے 3ماہ بعد اپنی کارکردگی عوام میں رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعتوں میں اچھے اور برے لوگ موجود ہوتے ہیں، عمران خان پہلے روز سے وزرا کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے تھے، آج بھی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جو ملک کیلئے بہتر ہوگا وہی کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ میں اسد عمر نے بدترین حالات میں بہت اچھا کام کیا، سابق وزیر خزانہ کی قیادت میں تجارتی خسارے میں بھی کمی ہوئی، پچھلی حکومتوں نے سرکلر ڈیٹ بڑھایا عوام مشکل سے گزر رہے ہیں، آج آئی ایم ایف کی شرائط وہ نہیں جو پہلے تھیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کس کو کیا وزارت دینی ہے یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے، اعظم سواتی کے ساتھ ایک معاملہ ہوا انہیں اس کی سزا بھی ملی، اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کی جو ذمہ داری ملی ہے وہ اس کے اہل بھی ہیں، مشیر ہو یا وزیر مقصد عوام کےلئے کام کرنا ہے۔