لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فریال محمود اداکار دانیال راحیل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فریال محمود نے دانیال راحیل سے گزشتہ روز لاک ڈاؤن کے دوران شادی کرلی۔
فریال محمود نے شادی کی اطلاع مداحوں کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی، انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دوستوں کی جانب سے دی جانے والی مبارک باد کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔
دوسری جانب اداکار دانیال راحیل نے بھی مداحوں کو نکاح کی خوشخبری سناتے ہوئے فیس بک پر ایک طویل پیغام شیئر کیا۔
دانیال راحیل نے لکھا کہ ’میں اور فریال محمود دو سال قبل ملے تھے جس کے بعد ہم نے ایک دوسرے کو جانا اور پھر ساری زندگی ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا۔‘
انہوں نے لکھا کہ میری اہلیہ فریال محمود کی پوری فیملی لندن میں رہائش پذیر ہے جس کی وجہ سے یہ سب ویڈیو لنک کے ذریعے وہ ہمارے ساتھ تھے اور ہم نے انہیں بہت یاد کیا۔
دانیال راحیل کا کہنا تھا کہ میں خوش قسمت انسان ہوں کہ مجھے فریال کا ساتھ ملا، میرے اہلخانہ نے ہم دونوں کی شادی میں اہم کردار ادا کیا جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ کرونا لاک ڈاؤن کے دوران متعدد فنکار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں جن میں حنا الطاف، آغا علی، نمرہ خان اور افتخار ودیگر شامل ہیں۔