اسلام آباد : پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نےمنجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے احتساب عدالت سےرجوع کر لیا، عدالت نے نیب کو 11 فروری تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی ، فریال تالپور نے 3 منجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانےکیلئےدرخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا نیب تاحال کوئی جرم ثابت نہیں کرسکا، عدالت منجمد اکاؤنٹس کھولنے کیلئےحکم جاری کرے۔
احتساب عدالت نے نیب سےمنجمد اکاؤنٹس سےمتعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا آئندہ سماعت پربتایاجائے کس کیس میں بینک اکاؤنٹس منجمدکئےگئے۔
احتساب عدالت نے فریال تالپور کی درخواست پر نیب کو 11 فروری تک رپورٹ جمع کرانےکی ہدایت کردی ہے۔
خیال رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔
جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں گرفتارسابق صدر آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت چودہ ملزمان کےخلاف عبوری ریفرنس دائر کردیا گیا ہے ، ریفرنس میں کہا گیا 8.3 ارب کی خطیررقم جعلی اکاؤنٹس سے نکلوائی گئی، رقم بیرون ملک بھی منتقل ہوتی رہی۔