اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ معزز جج ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے فریال تالپور کا مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو 15 جون کو نیب کی جانب سے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
سردار مظفر عباسی نے کہا تھا کہ فریال تالپور کے گھر کو سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے، سب جیل پر2 خواتین افسران کو تعینات کیا گیا ہے، خاتون افسران میں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ارفع بی بی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشم بشارت شامل ہیں۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمہ سے تفتیش کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ احتساب عدالت نے فریال تالپور کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 24 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا
یاد رہے کہ 14 جون کو پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا تھا، ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔