تازہ ترین

نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

نئی دہلی: معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ اپنے متنازعہ ٹویٹس اور بیانات کی وجہ سے اکثر کسی نہ کسی مشکل میں رہتی ہیں اور اب بھارتی ڈیزائنرز نے بھی ان کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے 2 روز قبل گینگ ریپ اور نسل کشی سے متعلق متنازعہ ٹویٹس کے باعث بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔

کنگنا رناوٹ کے متنازعہ ٹویٹس کے بعد ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی اور اب بھارتی ڈیزائنرز نے بھی اداکارہ کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ڈیزائنر رم زم دادو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم کبھی بھی درست کام کرنے میں تاخیر نہیں کرتے، ہم اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کنگنا رناوٹ سے اشتراک کی تمام پوسٹس ہٹارہے ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ کوئی کام نہ کرنے کا عزم کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈیزائنر نے کہا کہ اس عالمی وبا کے دوران پہلے ہی بہت زیادہ تباہی پھیلی ہوئی ہے، ایسے حالات میں ہم سب کو سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے ہیں معروف شخصیات سمیت کسی کا بھی تشدد کو بڑھاوا دینا درست ہے، تشدد کسی بھی شکل میں ہو اس کی مذمت کرنی چاہیئے۔

دوسری جانب دہلی کے ڈیزائنر آنند بھوشن نے بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کنگنا رناوٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ دیگر ڈیزائنرز کو بھی ان کے ساتھ کام کرنے سے پہلے 2 مرتبہ سوچنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ میں اور میرا برانڈ کسی بھی قسم کی نفرت آمیز گفتگو کی حمایت نہیں کرتے، میں ایسے نکتہ نظر سے وابستہ رہنے کی خواہش نہیں رکھتا اور اس کی مذمت کرتا ہوں۔

بعد ازاں بالی وڈ اداکارہ کی بہن اور مینیجر رنگولی نے ڈیزائنر آنند بھوش کے تبصرے پر سخت ردعمل دیا اور انڈسٹری میں ان کی پوزیشن پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے لکھا کہ کوئی آپ کو نہیں جانتا لہٰذا خود مشہور ہونے کی کوشش نہ کریں۔

Comments

- Advertisement -