کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی سہولت کے لیے فاسٹ ٹریک سروس متعارف کرادی، بیرون ممالک کے مسافروں کی سفری دستاویزات اور سامان کی جانچ پڑتال کم وقت میں کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام کیا ہے۔
اس سلسلے میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر بین الاقوامی روانگی کے لاؤنج میں مسافروں کی سہولت کے لیے فاسٹ ٹریک سروس متعارف کرادی گئی ہے۔
اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فاسٹ ٹریک سروس سے بزنس اور فرسٹ کلاس اور ترجیحی مسافروں کو سہولت میسر ہوگی۔
بزنس کلاس کے مسافروں کا فاسٹ ٹریک کے ذریعے ان کی سفری دستاویزات اور سامان کی جانچ پڑتال کا عمومی اور مطلوبہ وقت سے کم وقت میں ہوگا۔
سی اے اے کے مطابق فاسٹ ٹریک پر بین الااقوامی مسافروں کو کسٹم، اے ایس ایف، اے این ایف اور ایف آئی اے کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔