اسلام آباد : متحدہ قبائل پارٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا دیا، تحریک جوانان پاکستان نے حکومت کو چوبیس گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کا ریڈ زون میں متحدہ قبائل پارٹی کے زیر اہتمام تحریک جوانان پاکستان نے دھرنا دیا، دھرنے کے شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں نگراں حکومت قائم ہے لہٰذا فاٹا میں بھی اسی حکومت کے ذریعے 25جولائی کو الیکشن کرائے جائیں، اگلی حکومت کے ماتحت یہ الیکشن نہ کرائے جائیں۔
تحریک جوانان پاکستان نے حکومت کو چوبیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا کی صوبائی نشستوں پر الیکشن کرائے جائیں بصورت دیگر پورا ملک جام کردیں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے فاٹا کی صوبائی نشستوں پر انتخابات کی درخواست مسترد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم اور آرمی چیف سے بھی معاملے پر ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔
متحدہ قبائل پارٹی نے لیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بعد ازاں متحدہ قبائل پارٹی کے شرکاء منتشر ہوگئے، متحدہ قبائل کے چیئرمین حبیب نور نے کہا ہے کہ ہم اپنے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔