لاہور: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ موروثی اور آمرانہ ذہنیت کی حامل جماعت ہے، جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا، موجودہ قیادت پرچیوں اور چٹھیوں پر چلنے والی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں نواز شریف کے خط پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے جو چٹھی آئی ہے اس سے گانا یاد آتا ہے، اس خط کا حشر بھی سابقہ خط کی طرح ہوگا۔
انھوں نے کہا 3 دہائیوں کے بعد یہ پہلی حکومت ہے جو مولانا کے بغیر چلے گی، فضل الرحمان کو صرف اپنی ذات سے غرض ہے، پی ٹی آئی کا دھرنا قانون کی بالا دستی اور قومی مقاصد کے لیے تھا، مدارس کے بچوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ حکومت سے باہر ہوں تو ان کو یہ نظام اور یہ حکومت نہیں چاہیے، نواز شریف اور شہباز شریف کی سمت مختلف ہے۔
تازہ ترین: نواز شریف کے خط کے مندرجات فضل الرحمان سے شیئر کرنے کا فیصلہ
فردوس عاشق نے کہا پاکستان میں کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، دنیا پاکستان کے ساتھ شراکت داری کرنا چاہتی ہے، بیرونی کمپنیوں کے پاکستان آنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا حکومتی معاشی پالیسیوں سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، ہماری انڈسٹریلائزیشن پالیسی کو دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے نام جیل سے خط لکھ کر ان کے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے، آج ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس خط کے مندرجات جے یو آئی ف کے سربراہ سے شیئر کیے جائیں گے۔