فیصل آباد : باپ نے پسند کی شادی کرنے والی بیٹی کو قتل کر ڈالا، 16 سالہ بیٹی زبیریہ نے پانچ ماہ قبل محسن مسیح سے شادی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے یاسر ٹاؤن میں باپ نے پسند کی شادی کرنے والی بیٹی سمیت دو افراد کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔
ملزم خالد نے رخصتی کے بہانے بیٹی کو گھر بلا کر پنچایت میں فائرنگ کی۔
پولیس نے بتایا کہ یاسر ٹاؤن کے رہائشی خالد مسیح کی سولہ سالہ بیٹی زبیریہ نے پانچ ماہ قبل محسن مسیح سے شادی کی تھی اور محسن نے شادی کے بعد زبیریہ کو لے کر وارث پورہ میں اپنے خالو اشرف کے گھر رہائش اختیار کرلی تھی۔
خالد تین روز قبل صلح جوئی سے رخصتی کرنے کے بہانے اپنی بیٹی کو گھر واپس لے آیا اور پیر کی رات ملزم خالد نے اپنے گھر میں پنچایت بلائی اور اچانک پستول سے فائرنگ کر دی، جس سے زبیریہ اور اشرف موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
ملزم خالد نے فرار ہونے کی کوشش نہ کی اور خود ہی تھانہ روشن والا پولیس کو گرفتاری دے دی، جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔