اسلام آباد: دارالحکومت میں ایک باپ نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو گلا گھونٹ کر مار دیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ گولڑہ کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزم اعجاز نے اپنی بیٹی کو جان سے مار دیا جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
قتل کے بعد پولیس کو بیان قلم بند کراتے ہوئے ملزم باپ اعجاز نے کہا کہ اس نے بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کیا، بیٹی کو کئی بار سمجھایا، سختی بھی کی مگر وہ بازنہیں آئی جس پر اسے جان سے مارنا پڑا۔
ملزم نے کہا کہ بیٹی کے قتل کے لیے اس نے کسی سے نہ مشورہ کیا او نہ ہی کسی کو آگاہ کیا، آج صبح 9 بجے کے قریب اس کا گلا دبا دیا۔
تھانہ گولڑہ پولیس نے ملزم اعجاز کے خلاف بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا
تین روز قبل بھی ایسا ہی واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں رائے ونڈ میں باپ نے 19 سال کی بیٹی کو کلہاڑی سے قتل کردیا، ملزم امام دین نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کو اپنی بیٹی کے چال چلن پر شبہ تھا۔