مریدکے: ضلع شیخوپورہ میں دوسری شادی کے لیے سنگ دل باپ نے محبوبہ کی خواہش پر جڑواں بیٹیوں کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں ایک شقی القلب باپ نے محبوبہ کے کہنے پر اپنی جڑواں بیٹیوں کو مار ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مریدکے میں سلطان پارک کے رہایشی ملزم نے 3 سالہ جڑواں بیٹیوں کو زہر دے کر مارا، ملزم افضل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مقتول بچیوں کے نام نبیہہ اور منیبہ ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ڈراما کیا تھا کہ بیٹیوں نے سرف کھا لیا ہے جس کی وجہ سے وہ مر گئیں، لیکن فرانزک رپورٹ نے ملزم کا جھوٹ بے نقاب کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: راجن پور: بستی بسم اللہ میں سوتیلے باپ کی کمسن بیٹی سے زبردستی شادی
موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزم کی بیوی ناراض ہو کر ماں باپ کے پاس رہ رہی تھی۔
ادھر دو ہفتے قبل پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے بستی بسم اللہ میں ایک بد بخت سوتیلے باپ نے کم سن بیٹی سے زبردستی شادی کرلی تھی، جس پر بیٹی حنا تحفظ کے لیے تھانہ سٹی جا پہنچی تھی جس پر پولیس نے سوتیلے باپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حنا کی ماں نے اشرف سے دوسری شادی کی تھی، سوتیلی بیٹی سے شادی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔