لاہور:اقبال ٹاؤن میں ایک اور باپ نے بیٹی کو مبینہ طور پرتشدد کرکے قتل کردیا، ایک مہینے میں باپ کے ہاتھوں بیٹی کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیٹی کو قتل کرنے والے ملزم خرم نے اولاد نرینہ نہ ہونے پراپنی پہلی بیوی کو طلاق دے کر دوسری شادی کی تھی۔
ملزم خرم کی پہلی بیوی نے الزام عائد کیا کہ خرم نے دوسری بیوی غانیہ کے کہنے پر بیٹی علشباہ پر تشدد کیا جس کی درخواست پر خرم اور اس کی دوسری بیوی کو پولیس نے حراست میں لے کر ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی ہے۔
پولیس کی جانب سے چھ سالہ علشباہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔
لاہورمیں ایک ماہ کے دوران باپ کے ہاتھوں بیٹی کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے پہلے خالد نامی شخص نے روٹی گول نہ بنانے پر تشدد کرکے اپنی بیٹی عنیقہ کو قتل کردیا تھا۔