اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

وزیر اعظم کا شکریہ، محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے والد نے شہدا پیکج کا مطالبہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

چترال: خیبر پختون خوا کے شہر چترال میں چمرکن جنگل میں آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال کے والد نے تعزیت کرنے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ جمشید اقبال کی فیملی کو شہدا پیکج دیا جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چترال کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں جاں بحق ہونے والے محکمہ جنگلات کے اہل کار جمشید اقبال کا نماز جنازہ ادا کر دیا گیا، جمشید اقبال کے سوگواران میں 2 بچے اور بیوہ شامل ہیں، وہ گزشتہ 9 سال سے محکمہ جنگلات میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

جمشید اقبال کے والد محمد زبیر نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے غم کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ اظہار یک جہتی کیا، اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ جمشید اقبال کے دو چھوٹے بچے اور بیوہ ہے، حکومت ان کے لیے شہدا پیکج کا اعلان کرے۔

درختوں سے محبت

جمشید اقبال کے ساتھ کام کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہل کاروں نے بتایا کہ جمشید کو درختوں سے محبت تھی اور انھوں نے درختوں کو آگ سے بچاتے ہوئے جان دے دی۔

آگ کی اطلاع ملی تو صبح سویرے ہم جنگل کی طرف روانہ ہوگئے، جنگل کی طرف زیادہ راستہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ راستہ بہت درشوار ہے، اسی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں بھی ہمیں مشکلات پیش آتی ہیں۔

چترال: درختوں کو آگ سے بچانے والا خود زندگی ہار گیا، ٹیم آگ بجھانے میں کامیاب

آگ نے بڑے رقبے کو لپیٹ میں لیا ہوا تھا، ہم آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے، ایسے میں بارش بھی شروع ہوگئی، بارش کی وجہ سے آگ پر تو جلد قابو پا لیا گیا، لیکن بارش سے پھسلن کی وجہ سے ہم اپنے بہادر دوست سے محروم ہوگئے۔

وزیر اعظم کا ٹویٹ

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جمشید اقبال کی فرائض کی انجام دہی کے دوران موت پر دکھ کا اظہار کیا، انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جمشید نے ادائیگی فرض کے دوران آگ بجھاتے بجھاتے جام شہادت نوش کیا، یہی وہ مردان کار ہیں جو پاکستان کی شادابی کے لیے ہمارے جنگلات کی حفاظت کا فرض نبھا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے بھی نے جمشید اقبال کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، اور کہا کہ صوبائی حکومت شہید کی فیملی کے ساتھ ہے، انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اہم ترین

مزید خبریں