بھارتی ریاست اتر پردیشن کے بدھوئی ضلع میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں باپ نے جڑواں بیٹیوں کو زہریلا دودھ پلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 27 سالہ اوم پرکاش نے خودکشی کرنے سے قبل 14 ماہ کی جڑواں بیٹیوں کو موت کی نیند سلانے کا بندوبست کیا اور پھر خود بھی جان دے دی۔
اوم پرکاش نے 19 نومبر کو بیوی کے لاپتا ہونے کی شکایت پولیس میں درج کروائی تھی لیکن خاتون کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
صدمے سے دوچار اوم پرکاش نے جڑواں بیٹیوں آسی اور پریانشی کو دودھ میں زہر ملا کر دیا اور خود گھر سے 500 میٹر دور جا کر خودکشی کی۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اوم پرکاش اپنی بیوی سے بہت محبت کرتا تھا اور اس کے یوں غائب ہو جانے سے صدمے میں چلا گیا تھا۔
پولیس نے باپ اور بیٹیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کر دیں اور معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے لاپتا خاتون کی تلاش تیز کر دی۔