شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فاطمہ آفندی نے ’عداوت‘ میں پہلی بار اسکرین پر منفی کردار کرنے کا تجربہ شیئر کردیا۔
اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں اداکارہ فاطمہ آفندی نے شرکت کی اور ڈرامہ سیریل ’عداوت‘ میں اپنے منفی کردار سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ پروجیکٹ کرنے میں واقعی بہت مزہ آیا کیونکہ ظاہر ہے کہ منفی کردار میں ادا کرنے کے لیے بہت زیادہ مارجن ہوتا ہے، مثبت کردار میں کم و بیش ایک جیسے تاثرات ہوتے ہیں۔
فاطمہ آفندی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ناظرین بھی اسے دیکھ کر اتنا ہی لطف اندوز ہوں گے جتنا میں نے فلمایا تھا۔
اداکارہ نے اریبہ سے متعلق کہا کہ شروع میں وہ ایسی نہیں تھی، وہ دراصل بہت مثبت ہے جو اپنے اردگرد کے لوگوں کے پیدا کردہ حالات کی وجہ سے ایسی بن گئی، اس لیے وہ ان سے بدلہ لینا چاہتی ہے اور عداوت کا مطلب بھی بدلہ لینا، جیلسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے وہ منفی کردار نبھانا چاہ رہی تھیں لیکن ہدایت کار مجھے کہتے تھے کہ میں بہت معصوم نظر آتی ہوں تو منفی کردار نہیں نبھا سکتی۔
واضح رہے کہ فاطمہ آفندی، سعد قریشی اور شازیل شوکت ڈرامہ سیریل عداوت میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، عداوت انتقام لینے والی اریبہ کی کہانی ہے جو خاندان کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے جب اسے اپنی بڑی بہن کی موت کے بعد بہنوئی سے شادی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’عداوت‘ روزانہ شام 7 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جاتا ہے۔