ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان کو تبدیل کر دیا گیا، فاطمہ ثنا ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق فاطمہ ثنا کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، عالمی ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔
گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 10کھلاڑی موجودہ اسکواڈ میں شامل ہیں، ندا ڈار کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں جبکہ سعدیہ اقبال کی شمولیت کو فٹنس سے مشروط کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی صورتحال کی وجہ سے ایونٹ منتقل کیا گیا ہے، ایونٹ کی میزبانی کے حقوق بنگلہ دیش کے پاس ہی رہیں گے، کچھ ملکوں کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے بنگلا دیش میں ایونٹ ممکن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے حالیہ واقعات کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔