بالی ووڈ کی معروف اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے فلم دنگل کے بعد کی جانے والی جدوجہد سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جہاں انہوں نے عامر خان کی فلم دنگل کا حصہ بننے کے بعد اپنے کیرئیر میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق گفتگو کی۔
فاطمہ ثنا شیخ نے انٹرویو کے دوران اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ دنگل جیسی بلاک بسٹر فلم سے ڈیبیو کرنے کے بعد ان کے لیے انڈسٹری میں جگہ بنانا مزید مشکل ہوگیا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے اس بات کا دباؤ محسوس ہوتا تھا کہ میں نے جو اپنی ڈیبیو فلم میں معیار قائم کیا ہے، کیا میں اس پر پورا نہیں اتر پاؤں گی؟ ’
فاطمہ ثنا شیخ نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب مجھے خود پر شک ہونے لگا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں اچھی اداکارہ ہوں، لیکن کیا واقعی میں ایسی ہوں؟۔
اداکارہ نے کہا کہ اسی شک کی وجہ سے میں نے اکیلی فلمیں نہیں کی کیونکہ تب کسی پروجیکٹ کی پوری ذمہ داری مجھ پر ہوتی، اور اگر فلم ناکام ہوجاتی تو میں کیا کرتی؟ میں اسی خوف کے ساتھ کام کر رہی تھی۔
فاطمہ ثنا شیخ نے مزید کہا کہ مجھے یہ سمجھنے میں وقت لگا کہ ناکامی اور غلطیاں کرنا بھی ٹھیک ہے، مجھے خود پر اعتماد نہیں تھا۔ لیکن پھر میں نے سوچا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا میرا کام صرف اتنا ہے کہ میں اپنے کام پر توجہ دوں اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کروں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اب مجھے خود پر مکمل اعتماد ہے اور میں اپنہ جگہ مطمئن ہوں، میں اس حقیقت کو بھی تسلیم کرچکی ہوں کہ کامیابی عارضی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ فاطمہ ثنا شیخ دنگل کے بعد عامر خان کے ساتھ گہرے تعلقات کے باعث خبروں کی زینت بنی رہی تھیں اور عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی علیحدگی کی وجہ بھی انہیں قرار دیا گیا تھا۔
ایسی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا تھا کہ میں نہیں چاہتی کہ لوگ غلط سوچیں مگر اب میں نے ایسی باتوں کو نظر انداز کرنا سیکھ لیا ہے مگر اب بھی کبھی کبھی ایسی باتیں مجھے دکھ پہنچاتی ہیں۔